بنگلورو،10/ستمبر(ایس او نیوز)بنگلورو شہر میں بارش تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔ کل رات شہر میں دوبارہ طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہوئی موسلادھار بارش نے شہر کی کئی سڑکوں اور کئی علاقوں کو زیر آب کردیا۔ کل دن بھر شدت کی گرمی کے بعد شام میں اچانک موسلادھار بارش ہونے کی وجہ سے میسور روڈ، راجا راجیشوری نگر،کنگیری روڈ پر بہت زیادہ پانی جمع ہوچکاتھا اور یہاں کی سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوتے دکھائی دے رہی تھیں جس کی وجہ سے جہاں گاڑیوں کے مالکان کو پریشانی اٹھانی پری وہیں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ اس روٹ پر آنے والی کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( کے ایس آر ٹی سی) کی دوبسوں کے انجنوں میں پانی داخل ہوجانے سے ہیں خراب ہوکر سڑکوں پر ہی کھڑی رہیں۔ مسافروں کو کئی گھنٹوں تک بسوں میں بیٹھ کر گزارنا پڑا، اس کے علاوہ اس سرک پر سے گزررہی4؍کاریں پانی میں ڈوب چکی تھیں لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔میسور روڈ کے وشوبھاوتی،برساتی نالے میں پانی بھر کر سڑکوں پر آنے لگا اور اس سڑک پر4فیٹ سے زائد پانی جمع ہوچکاتھا۔ آج صبح تک یہاں اسی طرح پانی جمع رہا جس سے گاڑیوں کی نقل وحرکت میں پریشانی دکھائی دی۔ آر وی کالج سے قریب تقریباً4؍فیٹ پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے اس سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں کے مالکان کو کافی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ دفاترسے واپس گھر لوٹنے والے 36؍سے زائد افراد کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں کافی پریشانی رہی، ان افراد کو فائر سرویس عملہ کی ٹیم نے محفوظ مقام تک پہنچنے میں مدد کی۔ایچ ایس آر لے آؤٹ میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سیکٹر4اور5پورا زیر آب ہوچکاتھا اور یہاں مقیم مکینوں نے بی بی ایم پی پردوبارہ اپنی ناراضگی جتائی اور کہا کہ برساتی پانی کو باہر نکالنے کے لئے ابھی تک کوئی کام شروع نہیں ہوپایاہے جس کی وجہ سے ہردن بارش سے مکانوں میں پانی داخل ہورہاہے اور انہیں رات جاگتے ہوئے گزارنا پڑرہاہے۔ کل رات ہوئی بارش کی وجہ سے بنرگٹہ مین روڈ بھی زیر آب ہوچکاتھا، جس کی وجہ سے گاڑیوں کو آگے بڑھنے میں کافی دشواریاں محسوس ہونے لگیں۔ ارکیرے کے اطراف واکناف کے علاقوں میں بھی بارش کی وجہ سے کئی مکانات میں پانی داخل ہوچکاتھا ، راجاراجیشوری نگر کے چنسندرا،ڈوڈا بدیریکل ،ملاسندرا، لے آؤٹ کے نشیبی علاقوں میں موجودمکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ دابس پالیہ تالاب بھر کرپانی سڑکوں پر جمع ہوچکاہے جس کی وجہ سے یہاں کی سڑک ہی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ انوگراہار لے آؤٹ میں گزشتہ رات 2؍بجے شروع ہونے والی بارش سے اس علاقے کی سڑکوں پر5؍فیٹ تک پانی جمع ہوگیا اس علاقے میں آج صبح بی بی ایم پی ملازمین پمنگ کے ذریعہ پانی کو صاف کرنے کی کارروائی میں لگے رہے۔شہر بنگلور کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں بھی کل رات موسلادھار بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں کے مکانوں میں پانی داخل ہوگیا اور بجلی کاٹ دئے جانے سے مقامی افراد کو رات بھر جاگ کر گزارناپڑا۔ چکبالاپور ضلع کے چنتامنی میں موسلادھار بارش سے یہاں کی کئی سڑکیں زیرآب ہوچکی تھیں اور نیشبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ شہر کے ایم جی روڈ میں ایک زیر تعمیر عمارت میں پانی داخل ہونے سے کافی پریشانی اٹھانی پڑی۔ ہاویری، کولار،چتردرگہ، ٹمکور، نلمنگل اضلاع میں بھی موسلادھار بارش ہونے کی رپورٹیں موصول ہوئی ہیں۔ شہر کے ماگڑی روڈ پر بارش کی وجہ سے ایک مکان کی چھت زمین بوس ہوگئی، گگلی پورہ سرکاری اسپتال میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے یہاں زیر علاج مریضوں کو دوسری اسپتالوں کے لئے منتقل کرناپڑا۔ الیکٹرانک سٹی، کے انفوسس کمپنی کی کمپاؤنڈ دیوار بھی بارش کی وجہ سے گرپڑی، کل رات ہوئی بارش سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔